احسن اقبال

کرپشن کا الزام لگانا اداروں اور چین کو بدنام کرنا ہے ، احسن اقبال

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کا الزام لگانا اداروں اور چین کو بدنام کرنا ہے، چین کے سفیرجن منصوبوں پرفخرکررہے ہیں آپ الزام لگارہے ہیں ، جرات ہے تو چینی صدر کو ملتان موٹروے سے متعلق خط لکھیں، سی پیک کےخلاف تقریریں کرکے سی پیک دشمنی کے آلہ کاربنے ہیں ، قوم کو بےوقوف بنانا چھوڑ دیں ،

ن لیگ کے دور میں سی پیک کے تحت سڑکیں بنیں ، قوم کی نظر میں منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، وزیراعظم نشاندہی کریں وہ کس پرالزام لگارہے ہیں ،چین کی سر مایہ کاری نے پاکستان میں آب حیات کا کام کیا ، وزیراعظم بتا دیں سی پیک کے کن منصوبوں میں کرپشن کی گئی، چین کے منصوبوں پر حکمران الزام لگا رہے ہیں ، ، جب کوئی ڈالرلگانے کو راضی نہیں تھا چین نے سرمایہ کاری کی۔

جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ قوم کی نظر میں مسلم لیگ نون کے منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، نون لیگ دور کے منصوبوں پر قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے،حکومت نے سی پیک منصوبوں کے خلاف بدترین پروپیگنڈا مہم شروع کی کہ توانائی کے منصوبے پاکستان کے گلے کا طوق ہیں،

حکومت نے سی پیک کے ذریعے لگائے جانے والے توانائی کے منصوبوں میں چین کو کوئی رعایت نہیں دی،دنیا بھر سے کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے تیار نہیں تھا، چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اربوں ڈالر کے منصوبے لگائے،جس کی وجہ سے 5ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے، تھر کے کوئلے کو استعمال میں لا کر پاکستان کو سستی بجلی فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان توانائی کے منصوبوں کو ہمارے گلے کا پھندا کہنے پر آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ چین جیسے دوست کو بدنام کر رہے ہیں،چین کی طرف سے لگائے گئے توانائی منصوبے نہ ہوتے تو پاکستان آج بھی دس دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کررہا ہوتا، چین کی سرمایہ کاری نے پاکستان کےلئے آب حیات کا کام کیا،آپ شکریہ نہیں کر سکتے تو اپنے محسنوں پر الزام نہ لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کو سستا کرنا چاہیے تھا تا کہ مانگ بڑھے اور بند منصوبے دوبارہ کارآمد ہو سکیں،آپ اپنے منصوبوں کو سستا بتا کرعوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کریں،منصوبوں کی لاگت منصوبوں کی تکمیل پر ہی پتہ چلتی ہے، کرپشن کے الزام قریبی دوست اور اداروں کو بدنام کرنے کے مترادف ہے، چینی سفیر جن منصوبوں پر فخر کر رہے ہیں آپ ان پر الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمت ہے تو ملتان موٹروے پر انکوائری کےلئے چینی صدر کو خط لکھیں، آپ سی پیک دشمن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،95فیصد بڑے منصوبے جن کی طرف وزیراعظم نے اشارہ کیا ہے،

واضح کریں کہ کس منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے، چین کی سرمایہ کاری اور پاک فوج کے تعاون سے منصوبے مکمل ہوئے ،بتائیں کہ کس میں کرپشن ہوئی ہے، بتایا جائے کہ پاک فوج کے ادارے نے کتنی مہنگی بولی لگا کرکرپشن کی،حکومت نے طے کیا ہوا ہے کہ 2018سے پہلے کی ہر چیز کو سیاہ دکھا کر اپنی نالائقیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کہہ دیتے کہ مسلم لیگ نون نے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی تو آپ کا قد چھوٹا نہیں ہو جاتا، آپ کے اندر ظرف نہیں، آپ صرف قوم کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیازی صاحب سی پیک منصوبوں کو پڑھیں، 2017میں 9اکنامک زون بنانے کےلئے جگہ کا انتخاب ہو گیا تھا، آپ نے 2020میں انفراسٹرکچر بنانا تھا، آپ ان کو مقررہ وقت میں مکمل نہیں کر سکے،آپ نے تاخیر کی،اب آپ کہتے ہیں انڈسٹریل فیز کی طرف جا رہے ہیں،آپ نے پاکستان کی اکانومی کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔