ڈاکٹر عارف علوی

کرونا ویکسین لازمی ہے، ویکسین کو اثر کرنے میں چند ہفتوں کا وقت لگتا ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین لازمی ہے، ، ویکسین کو اثر کرنے میں چند ہفتوں کا وقت لگتا ہے،جو ویکسین سے متعلق شک وشبہات پیدا کرتے ہیں، حقیقت میں وہ کچھ نہیں جانتے۔ اتوار کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا ویکسین کے حوالے سے پیدا کئے جانے والے شکوک وشبہات پر اہم بیان جاری کردیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ کرونا ویکسین لازمی ہے، عالمی وبا سے بچا وکے لئے ویکسین کی دو خوراک لگائی جاتی ہے، ویکسین کو اثر کرنے میں چند ہفتوں کا وقت لگتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ تر کیسز میں ویکسین100فیصد موثر ہے، باقی کیسز میں انفیکشن کی شدت بہت کم ہوجاتی ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں صدر مملکت نے عوام کو خبردار کیا کہ ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو ویکسین سے متعلق شک وشبہات پیدا کرتے ہیں، حقیقت میں وہ کچھ نہیں جانتے۔