اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں کرغزستان کے سفیر نے وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی ۔
جاری اعلامیہ کے مطابق سفیر اتاخانوف نے وزیر حنیف عباسی کو ریلوے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اورکرغزستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ حنیف عباسی نے کہاکہ کرغزستان کے ساتھ ریلوے شعبے میں تعاون بڑھانے کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ سفیر کرغزستان نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ حالات میں بہتری آئی ہے، معیشت مضبوط ہوئی ہے۔
کرغزستان کے سفیر نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو پاکستانـکرغزستان بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کی مضبوطی اور تجارتی راستوں کی ترقی پر بات چیت کی گئی ۔ دونوں فریقین نے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔
وزیر حنیف عباسی نے کرغزستان کے ساتھ ریلوے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور سفری سہولتیں بہتر بنانے پر زور دیا گی ا۔ ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے کے شعبے میں ترقی کے لیے تکنیکی تبادلوں اور مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی گئی ۔حنیف عباسی نے کہاکہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے تعاون اقتصادی تعلقات کو بہتر بنائے گا اور لوگوں کے درمیان روابط کو مضبوط کرے گا۔