ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)فلم ‘کرش 4’ میں پریانکا چوپڑا کی انٹری کی خبروں نے دھوم مچادی۔
تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کی موسٹ اوویٹڈ فلم کرش 4کا چند روز قبل باضابطہ اعلان کیا گیا جس میں مداحوں کو بتایا گیاہے کہ اس بار اداکار ریتیک روشن نہ صرف فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے بلکہ انہوں نے فلم کیلئے ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے۔
ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ‘کرش 4’ فرنچائز سے بالی وڈ فلم انڈسٹری میں کئی سال بعد پریانکا چوپڑا جوناس کی واپسی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا نے فلم میں خاتون مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے دستخط کردیے ہیں جس کے ساتھ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ فرنچائز کو آگے لے جانے کے لیے ریتیک روشن کے وژن سے متاثر ہوئیں ہیں اور انہیں فلم کی ہدایت کاری کے چیلنجز کو سنبھالتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
بھارتی میڈیا پر ریتیک روشن اور پریانکا چوپڑا کی اسکرین پر دوبارہ اکٹھے ہونے کی خبر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے اپنی خوشی کا اظہارکرتے ہوئے دونوں اداکاروں کی کیمسٹری کو کرش فرنچائز کی کامیابی کی ضمانت دے دیا۔