رونالڈو 43

کرسٹیانو رونالڈو پر 2026 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ سے محروم ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا

لزبن (رپورٹنگ آن لائن)انٹرنیشنل کیریئر میں پہلا ریڈ کارڈ ملنے پر فٹبال کی دنیا کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو پر 2026 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ سے محروم ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

پرتگال اور آئرلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں رونالڈو کو اپنے بین الاقوامی کیریئر میں پہلی بار ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کے بعد انہیں سخت سزا کا سامنا ہے۔

پرتگال کو آئرلینڈ کے ہاتھوں 0ـ2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے 61ویں منٹ میں رونالڈو نے آئرلینڈ کے ڈیفنڈر ڈارا او شییا کو کہنی مارنے کی کوشش کی جس پر پہلے انہیں پیلا کارڈ ملا، بعد ازاں وی اے آر کی مداخلت پر ریفری نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے اسے ریڈ کارڈ میں بدل دیا۔ یہ رونالڈو کے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی ریڈ کارڈ تھا۔

وہ اپنے ملک کی جانب سے 226 میچ کھیل چکے ہیں، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ ہے۔ کلب کی سطح پر کرسٹیانو رونالڈو کو 13 مرتبہ ریڈ کارڈ مل چکا ہے۔ رونالڈو اب لازمی ایک میچ کی پابندی کا سامنا کریں گے، جو آرمینیا کے خلاف کوالیفائر ہوگا۔

پرتگال یہ میچ جیت کر ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کر سکتا ہے۔ تاہم فیفا قوانین کے مطابق پرتشدد رویے پر کم از کم تین میچوں کی پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ اس تناظر میں رونالڈو ورلڈ کپ کے ابتدائی ایک یا دو میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں