سید عاصم منیر 26

کردار،جرات اور قابلیت پاک فوج کی بنیادی اقدار ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی( رپورٹنگ آن لائن) چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کردار، جرات اور قابلیت وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں خصوصا دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، فیلڈ مارشل نے پیشہ وارانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے پر شریک ٹیموں کو سراہا، فیلڈ مارشل نے مشق میں مقابلہ کی صلاحیت اور لگن کی بھی تعریف کی۔ ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت اور پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے، مشق کا مقصد شریک ٹیموں کے مابین جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی مہارت سے استفادہ کرنا ہے۔ یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جس نے شرکا کو ایک حقیقت سے قریب اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا، گزشتہ برسوں میں PATS ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی عسکری مشق کے طور پر ابھری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ مشق شریک ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور عسکری تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، یہ فورم عسکری روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیم ورک اور باہمی اعتماد کو بھی فروغ دیتا ہے۔ اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان شامل تھے جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 مقامی ٹیموں کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی مشق میں شریک رہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ایسی بین الاقوامی مشقیں اجتماعی تیاری اور جدید حربی تکنیک اپنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، کردارسازی،جرات اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے.

یہ اقدار پاک فوج کی طرہ امتیاز ہیں، پاکستانی جوان خاص کر دہشت گردی میں اس کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے۔ شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے دوران اعلی پیشہ ورانہ معیار، بہترین تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جن میں نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں