گورنرسندھ 137

کراچی کے لئے تواتر سے خوشخبریاں آرہی ہیں، اگلے ماہ گرین لائن بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا،گورنرسندھ

کراچی(ر پورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ کراچی کے لئے تواتر سے خوشخبریاں آرہی ہیں، اگلے ماہ گرین لائن بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا، کے فور منصوبے کا بھی جلد افتتاح کردیا جائے گا۔اتوارکوکراچی میں ورلڈ اسماعیلی سوک ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ کراچی کے لئے تواتر سے خوشخبریاں آرہی ہیں، گرین لائن بسوں کا دس دن میں ٹرائی رن شروع کردیں گے، وزیراعظم پیر کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، آئندہ ماہ گرین لائن اور پھر کے فور کا افتتاح ہوگا، کے فور 2023 سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ شجرکاری ایک بہت اچھا اقدام ہے، وفاقی حکومت کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کررہی ہے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری منصوبہ قابل تقلید ہے، شجرکاری کیلئے اسماعیلی برادری خراج تحسین کی مستحق ہے، اسماعیلی کمیونٹی ملک بھر میں 10 لاکھ درخت لگارہی ہے۔ درخت لگانا آسان اس کی دیکھ بال کرنا مشکل ہے۔

دریں اثنا گورنر ہائوس کراچی میں مردوں کے کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں کلاسک کار نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شوکت خانم کراچی کینسر اسپتال میں تشخیص اور علاج کی تمام جدید ترین سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گی۔ یہ اسپتال کراچی سمیت صوبہ سندھ کے دیگر شہروں اور اضلاع کے ساتھ ساتھ جنوبی بلوچستان کے مریضوں کی بھی بھرپور خدمت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں