کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور یہ سارے کام بلاامتیاز و تفریق کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست عوام کے گرد گھومتی ہے اور بلدیاتی مسائل کو حل کرنا ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں.
ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیر کے روز اپنے دفتر میں مختلف یوسی چیئرمینوں سے ملاقات کے موقع پر کیا، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر مقامی رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے، مختلف علاقوں سے آئے ہوئے یوسی چیئرمین نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا، بعض مسائل کو حل کرنے کے لئے میئر کراچی نے موقع پر احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں میری اولین ترجیح عوام کو پانی کی مسلسل فراہمی ، نکاسی آب اور ٹریفک مینجمنٹ ہے.
سٹی وارڈنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح افطار کے وقت ٹریفک پولیس کے ساتھ ٹریفک کی روانی میں بحال رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ، انہوں نے ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجہ رستم کو ہدایت کی کہ کراچی کے پانچ اضلاع میں 57مقامات، سڑکوں، خاص خاص مساجد اور شاپنگ پلازہ کے اطراف جو سٹی وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں انہیں فعال رکھا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اورروزہ دار افطار کے وقت اپنے گھروں کو پہنچ سکیں.
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو بھی سختی سے احکامات دیئے گئے ہیں کہ وہ ٹریفک کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کریں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو جاری رکھیں، انہوں نے کہا کہ جن ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے ، رمضان المبارک میں بھی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ تمام منصوبے اپنے وقت مقررہ پر مکمل ہوسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ جن منصوبوں کے ٹینڈرز اخبارات میں جاری کئے گئے ہیں ان کے لئے فنڈز موجود ہیں اور انہیں جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ شہر کے بلدیاتی مسائل حل ہوسکیں.
میئر کراچی نے کہا کہ بدلتا ہوا کراچی عوام دیکھ رہے ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کو مزید ترقی کی راہ میں گامزن کریں گے، انہوں نے کہاکہ کراچی کی عوام نے پیپلزپارٹی کو میئر کراچی کا جو منصب دیا ہے انہیں مایوس نہیں کریں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یوسی چیئرمینز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں .
عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ، بلدیہ عظمیٰ کراچی یوسی چیئرمینز کے ساتھ ہے ،شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے ہر طرح سے مدد کی جائے گی، یہ ہم سب کا شہر ہے ہمارا مستقبل اس شہر سے اور اس شہر کا مستقبل ہم سے وابستہ ہے، ہمیں اپنے شہر کو اون کرنا چاہئے ۔