کراچی(رپورٹنگ آن لائن)مجموعی طور پر سندھ بھر کی جیلوں میں کورونا سے متاثرہ قیدیوں کی تعداد 295 ہوگئی ، ملیر جیل میں قید غیر ملکیوں کی رہائی کے لیے وزارت خارجہ سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی 120 سے زائد قیدیوں کو ان کے ملک روانہ کردیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے جہاں اس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے تو وہیں جیلیں بھی اب اس سے محفوظ نہیں رہیں ، کراچی کی سینٹرل جیل میں اس وقت کم و بیش ساڑھے چار ہزار جبکہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں 5 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں ، گنجائش کے حساب سے سینٹرل جیل میں 2400 جبکہ ملیر جیل میں1800قیدی رکھے جاسکتے ہیں ،
اس طرح تقریبا دو گنا قیدی اس وقت اپنے ایام زیست سلاخوں کے پیچھے کاٹ رہے ہیں جوکہ کورونا کے دنوں میں پہلے ہی خطرے کا الارم ہیں۔ اس سے قبل پہلی وبا کے دوران معمولی جرائم میں ملوث افراد کو جیل بھیجنے کے بجائے ضمانتوں پر اور جس کی سزا پوری ہونے میں 6 ماہ باقی تھے انھیں رہا کیا جارہا تھا ، اس مرتبہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر کی انتظامیہ نے جیل میں موجود 387 غیر ملکی قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات تیز کردیے ہیں اور وزارت خارجہ سے بھرپور رابطے کیے جارہے ہیں ،
ان رابطوں کی بدولت 120 بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی حاصل ہوگئی اور انھیں بھارت نے اپنا شہری بھی تسلیم کرلیا ہے ، اب امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی 120 بھارتی ماہی گیر اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔دوسری جانب جیلوں میں کورونا سے متاثرہ قیدیوں کی مجموعی تعداد 295 تک جاپہنچی ہے ، سینٹرل جیل کراچی میں اب تک 207 قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے ، ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں 78 قیدی وائرس سے لڑرہے ہیں ۔









