کراچی (ر پورٹنگ آن لائن)کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)میں شکستوں کا ملبہ کوویڈ-19، کھلاڑیوں کی انجریز پر ڈال دیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کراچی! ہم نے بہترین ٹیم کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی لیکن ہم ناکام رہے، دوسری ٹیموں نے ہمیں آئوٹ کلاس کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی شکست کی وجہ کرونا کیسز اور کھلاڑیوں کا زخمی ہونا تھا، ہم اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے! انشا اللہ واپس آئیں گے۔
پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز واحد ٹیم ہے جو اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے، کنگز نے ایونٹ میں 5 میچز کھیل رکھے ہیں۔واضح رہے کہ سائیڈ اسٹرین اور کندھے میں چوٹ کے باعث محمد عامر اور محمد الیاس کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے جبکہ جوکلارک بھی انجرڈ ہوکر پی ایس ایل7 سے باہر ہوگئے ہیں۔