کراچی کنگز 145

کراچی کنگز نے بالآخر فتح کا مزہ چکھ لیا،لاہور قلندرز کو 22رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں کراچی کنگز نے لاہورقلندرزکو22رنزسے شکست دے کر مسلسل8شکستوں کے بعدپہلی کامیابی حاصل کر لی،کراچی کنگز نے 19.5ا وورز میں149رنزبنائے ،ہدف کے تعاقب میں لاہورقلندرز20اووروں میں9وکٹوں کے نقصان پر127رنزبناسکی،فاتح ٹیم کے میرحمزہ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ہدف کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل لاہور قلندرز کی ان فارم اوپننگ جوڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور محض 10 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔دونوں بیٹرز کو میر حمزہ نے آئوٹ کیاجس کے بعد تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی کمان سنبھالی اور تیسری وکٹ کے لیے کامران غلام کے ہمراہ 42 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالادینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 33 کے انفرادی اسکور پر رن آئوٹ ہوگئے۔

کامران غلام نے13 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم 64 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ایسے میں ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک نے چھٹی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے تاہم میرحمزہ نے ایک ہی اوور میں دو سیٹ بیٹرز ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک کو آئوٹ کرکے میچ میں کراچی کنگز کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ڈیوڈ ویزے 31 اور ہیری بروک 26 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

میرحمزہ نے چار جبکہ کرس جارڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کراچی کنگز کی پوری ٹیم نوجوان فاسٹ بائولر زمان خان اور لیگ سپنر راشد خان کی نپی تلی بالنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں 149 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ اوپنر شرجیل خان 39رنز بناکر نمایاں رہے۔ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی چار بیٹرز لوئس گریگری 27، قاسم اکرم 26 اور روحیل نذیر 18 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔زمان خان اور راشد خان نے بالترتیب 16 اور 17 رنز کے عوض چار ،چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں