کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی ٹیکس دیتا ہے تو حق بھی سب سے پہلے کراچی کو ملنا چاہیے، رمضان المبارک کے بعد کراچی میں ملین مارچ کریں گے، اہل کراچی کے حق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی،ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 50روپے فوری کم کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد بھی کررہے ہیں مزاحمت بھی جاری ہے، کراچی کے 50 فیصد علاقوں میں آج بھی پانی موجود نہیں، پانی گھروں کے نلکوں میں آنا چاہیے۔منعم ظفر نے کہا کہ سندھ حکومت کو کرپشن سے فرصت نہیں، دوپہر کے تین بجتے ہی شہر میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے، پچھلے دو ماہ میں 5 ہزارسے زائد کتے کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، ہم وسائل اور اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد عوامی تحریک کے لیے تیار ہیں،جماعت اسلامی رمضان کے بعد ملین مارچ کرے گی۔منعم ظفر نے کہاکہ افطار اور سحری کے اوقات میں گیس نہیں ہے، سحری کے اوقات میں شہری ہوٹل سے کھانا خرید رہے ہیں، ایس ایس جی سی گیس شیڈول پر عمل کروانے میں ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں کم از کم شہریوں کو ریلیف دیا جائے، پیٹرول کی قیمت پچھلے 4 سال کی کم ترین سطح پر ہے، انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82 سے کم ہو کر 69.3 ڈالرز پر آ گئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 50 روپے فوری کم کی جائے۔منعم ظفر خان نے یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جن سڑکوں کو بنانے کا وعدہ 6 ماہ پہلے کیا گیا ان کو اب تک نہیں بنایا گیا ہے۔