کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ یہ لوگوں کو مس گائیڈ اور منتشر کرنا چاہتے ہیں، کراچی والوں نے تفریق کی سیاست کو مسترد کیا ہے، 7 سال ہوگئے مگر آج تک یہ لوگ گرین لائن نہیں بنا سکے ہیں۔
مرتضی وہاب نے کورنگی کے دورے کے دوران اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی والوں نے ووٹ سے ثابت کیا کہ تفریق کی سیاست نہیں چلے گی، ضیاء الحق چلا گیا شہید بھٹو کی حکومت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کی خدمات آج بھی لوگ یاد رکھتے ہیں، آج تک پیپلز پارٹی کے خلاف سازشوں کا سلسلہ رکا نہیں ہے، چند لوگوں کا ٹولہ آج بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کر رہا ہے، وہ جلسوں میں بات کرتے ہیں ہم آئینی فورم پر بات کرتے ہیں، ایم کیو ایم نے ایک تاریخی جھوٹا احتجاج کیا، کاش ایم کیو ایم نے یہ احتجاج وفاق کے خلاف کیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کاش یہ احتجاج مردم شماری کے خلاف کیا ہوتا، وزیراعلی سندھ نے مردم شماری کا مقدمہ لڑا، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ متنازع مردم شماری منظور کر رہے ہیں، ہم نے وعدہ کیا کہ ہم آئینی حقوق پر قائم رہیں گے۔
مرتضی وہاب نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے درخواست کی ہے کہ متنازع مردم شماری کے مسئلہ کو حل کرے، یہ لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، کاش گیس، پانی کے ایشو پر سندھ کا ساتھ دیا ہوتا، پتہ نہیں ان کا کیا ایشو ہے۔انہوں نے کہاکہ کہتے ہیں پی ٹی آئی سلیکٹڈ ہے، مگر ان کے ساتھ بیٹھے ہیں، کیا مجبوری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاش وہ احتجاج علی زیدی کے خلاف کیا جاتا کہ انہوں نے کراچی کا حق ادا نہیں کیا، کاش مردم شماری منظور کرنے پر امین الحق کے خلاف احتجاج کیا جاتا، احتجاج کرنا تھا تو پوچھتے کہ وزیراعظم نے حیدرآباد یونیورسٹی کا افتتاح کیا، کہاں ہے یونیورسٹی۔
مرتضی وہاب نے کہاکہ آج کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ گیس کا ہے، سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کام کررہی ہے اور کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، جب یہ احتجاج کررہے تھے وزیر اعلی سندھ سنگ بنیاد نہیں افتتاح کر رہے تھے۔اپنی پریس کانفرنس کے دوران مرتضی وہاب نے کہاکہ ہم پر تفریق کا الزام لگانے والے لوگ دیکھ لیں کہ کورنگی میں پراجیکٹ کا افتتاح کیا، پیپلز پارٹی تفریق کی سیاست کو ترک کرتی ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کورنگی کے تین برساتی نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا ہے، کے ایم سی کا عملہ نالوں کی صفائی کا کام احسن طریقے سے کر رہا ہے، نالوں سے کئی ٹن سالڈ ویسٹ نکالا گیا ہے، شہری برساتی نالوں میں سالڈ ویسٹ ڈالنے سے گریز کریں، برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے سے نالے بند ہوجاتے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم سب اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں اور نالوں میں کچرا نہ پھینکیں۔