منعم ظفر

کراچی میں ہمارا میئر ہوتا تو شہر کا برا حال نہ ہوتا، منعم ظفر خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ اگر کراچی میں پیپلز پارٹی کے قابض میئر کے بجائے ہمارا میئر ہوتا تو شہر کا یہ براحال نہ ہوتا اور صورتحال بہت بہتر ہوتی،جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے وعدے کے مطابق اختیارات و وسائل کارونا رونے کے بجائے عوامی خدمت میں مصروف ہیں، ہم نے اپنے 9ٹانز میں تعمیر وترقی کے جو کام کروائے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں.

ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں 125پارکوں کو بحال اورنوجوانوں کے لیے کھیل کے میدانوں کو آباد کیا، گلیوں میں کئی ہزار اسکوائر فٹ پیور بلاک اور 50ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگوائیں، اربن فارسٹ اور اوپن ائیر جم کا تصور پیش کیا، ماڈل محلے بنائے، حیدری مارکیٹ میں سڑکوں کی مرمت اور سیوریج کے مسائل حل کیے،حیدری مارکیٹ ایک ماڈل مارکیٹ بن کرکراچی کی ماڈل مارکیٹ بنے گی،نارتھ ناظم آباد کی پوری ٹیم اور حیدری کی تمام تاجر تنظیمیں قابل مبارک باد ہیں کہ جنہوں نے حیدری مارکیٹ کو ماڈل مارکیٹ بنانے کے لیے دن رات محنت اور کوششیں کیں۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ٹی ایم سی نارتھ ناظم آباد ٹان کے تحت حیدری مارکیٹ کی تزئین و آرائش اور واک وے کی تعمیر کے حوالے سے حیدری مارکیٹ کی پوری تاجر برادری کی جانب سے اظہار تشکر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن، ٹان چیئر مین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان، حیدری مارکیٹ کے چیئر مین سیدفراز احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا، سید فراز احمد نے منعم ظفر کی حیدری مارکیٹ آمد پر ان کا زبردست خیر مقدم کیا اور ٹان چیئر مین اور جماعت اسلامی کی کوششوں وتعاون پر اظہار تشکر کیا، منعم ظفر خان نے حیدری مارکیٹ کادورہ بھی کیا، اس دوران دکانداروں اور شہریوں نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وائس ٹان چیئر مین ضیا جامعی، یوسی 7کے چیئر مین عاطف بقائی، وائس چیئر مین خالد چوہدری، کونسلر زید، سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ شہر پر فارم 47کے ذریعے مسلط ہونے والوں اور ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد اور مزاحمت بھی جاری رکھے گی اور کراچی کے عوام کو ان کا حق دلائے گی، پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے، سارے اختیارات ووسائل اس نے اپنے قبضے میں لیے ہوئے ہیں،کراچی کو اس کا حق نہیں دیتی، کراچی کے عوام بجلی،پانی،گیس سڑکوں کی تباہ حالی،سیوریج اور ٹرانسپورٹ سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، شہر میں تعلیم کو تباہ وبرباد کردیا گیا ہے، شہر کی تباہ و بربادی کی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں ذمہ دار ہیں.

کراچی کے عوام ان کو مسترد کرچکے ہیں، لیکن ان مسترد شدہ لوگوں کو ہی عوام پر مسلط کردیا گیاہے۔سید وجیہ حسن نے کہا کہ حیدری مارکیٹ پروجیکٹ میں شریک تمام لوگوں کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جماعت اسلامی نے وعدہ کیا تھا کہ ہمیں ایک روپیہ بھی ملے گا تو ہم وہ روپیہ عوامی فلاح وبہبود پر ہی خرچ کریں گے، ماضی میں جو لوگ تھے ان کو جتنا بجٹ ملا وہ عوام پر خرچ نہیں کیاگیا بلکہ اپنی نااہلی اور کرپشن کی نذر کردیا گیا، بلدیا ت میں جماعت اسلامی کا راستہ روکنے اور میئر شپ چھیننے والے کراچی کے عوام کے خیر خواہ نہیں.

جماعت اسلامی اپنے ٹانز میں جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ کہیں اور نہیں کی جارہی۔عاطف علی خان نے کہا کہ ہم نے حیدری مارکیٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر طے کیا کہ حیدری مارکیٹ کو بہتر کرکے ایک مثالی مارکیٹ بنائیں گے، ہم نے پیور بلاکس لگائے اور پارکنگ و سیوریج کے مسائل حل کیے، ہم پورے نارتھ ناظم آباد ٹان کو کراچی کا ایک ماڈل ٹان بنائیں گے۔