اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز 25 فیصد سے کم ہو کر6 سے 7 فیصد پر آگئے ہیں، 6 ستمبر تمام شہدا اور غازیوں کی یاد دلا تا ہے ، 6 ستمبر کے موقع پر تمام شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
پیرکواسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز 25 فیصد سے کم ہوگئے ہیں اور6 سے 7 فیصد پر آگئے ہیں۔ عوام نے سندھ حکومت کی ہدایات پرعمل کیا اور صوبے میں ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے اور ہم عوام سے کوئی چیز نہیں چھپاتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے واضح کردیا کہ این سی او سی کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے فیصلے پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم آج وفاق خود تعلیمی ادارے بند کررہا ہے۔ سفری پابندیوں سے متعلق مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابھی تک برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے نہیں نکالا گیا اور یہی کہا گیا کہ پاکستان میں کرونا کی صورتحال اور اعداد وشمار سے مطمئن نہیں ہیں۔
جعلی اکانٹس کیس سے متعلق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج کے دن بھی ہم پیش ہوئے لیکن تفتیشی افسر موجود ہی نہیں تھے۔اس کیس کے اتنے والیوم ہیں لیکن ریفرنس بیشتر صفحات غائب ہیں۔ہم نے کہا ہے کہ ان سب کو ریکارڈ کا حصہ بنانے سے پہلے ہمیں مہیا تو کریں۔