سندھ ہائیکورٹ 40

کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد سے متعلق درخواست

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد سے متعلق درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی کے ڈی اے، میونسپل کمشنر اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے میں کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود تھے۔ وکیل درخواستگزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان کے تحت 32 محکمے شہری حکومت کے حوالے کئے جانے تھے۔ 18 برس گزر جانے کے باوجود عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ 8 ہزار ارب روپے کی کرپشن کی جارہی ہے۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اس میں کیا کرپشن آگئی؟ کیا عدالت میں وائٹ پیپر جاری کریں گے؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزٹ نوٹیفکیشن حکومت نے جاری کیا ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسٹریٹجک پلان مخصوص مدت کے لئے تھا۔ وکیل درخواستگزار بولے وفاقی حکومت کے وژن 2030 کے تحت پلان بنایا گیا تھا۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی کے ڈی اے، میونسپل کمشنر اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے نظر ثانی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13 اپریل تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں