کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رات گئے نارتھ کراچی میں ٹریفک حادثے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال، ڈمپرز کو نذر آتش کیے جانے اور سڑکوں پر کچرا پھینک کر راستے بند کرنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔کامران خان ٹیسوری نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقات بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی لاوارث نہیں، میرے بہن بھائی کسی خوف یا افواہ کا شکار نہ ہوں۔ میں سڑکوں پر اسی لیے نکلا ہوں تاکہ لوگوں کو تحفظ کا احساس ہو۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈمپر سے پیش آنے والے حادثے اور اس کے بعد پیدا شدہ صورتحال اب قابو میں ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گورنر سندھ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ شہریوں کا غصہ اپنی جگہ درست ہو سکتا ہے، مگر قانون شکنی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ہیوی ٹریفک سے اموات پر عوام کا دکھ اور غصہ بجا ہے، لیکن تمام شہری پرامن رہیں، کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہ لے۔قانون کی بالادستی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی.
اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، اور بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔گورنر سندھ نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔