کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی اسٹار جوڑی کبری خان اور گوہر رشید کی بارات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔اداکارہ کبری خان اور گوہر رشید کی شادی کی تقریبات کئی دنوں سے جاری ہیں، ان تقریبات کا آغاز ڈھولکی سے ہوا تھا، گیمنگ نائٹ اور گرینڈ پکنک کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی رہی ہیں۔
دونوں نے 12 فروری 2025 کو مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے سامنے نکاح کیا، نکاح کی تقریب نہایت سادہ اور پروقار تھی، جس میں صرف قریبی دوست اور اہلِ خانہ شریک ہوئے، اس موقع پر دونوں نے عمرہ بھی ادا کیا۔ کراچی میں منعقد ہوئی مایوں کی تقریب میں کبری خان نے پیلے رنگ کا روایتی لباس پہنا، جبکہ گوہر رشید نے ہلکے نیلے رنگ کا کرتا پاجامہ اور کریم رنگ کی واسکٹ پہنی۔
کبری خان اور گوہر رشید کی بارات کی مرکزی تقریب گزشتہ شب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں شوبز انڈسٹری کے مشہور ستاروں نے شرکت کی۔کبری خان نے بارات پر ہلکے پستہ رنگ کا خوبصورت عروسی جوڑا زیب تن کیا، جبکہ گوہر رشید نے سفید شلوار قمیض کے ساتھ شاہی شال بھی اوڑھی، دونوں اداکار اپنی شادی کے دن نہایت خوش نظر آئے اور ان کی مسکراہٹوں نے مداحوں کے دل جیت لیے۔سوشل میڈیا پر ان کی بارات کی تصاویر وائرل ہونے پر مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے اور مداح ان کی نئی زندگی کے سفر کے آغاز پر دعائیں اور نیک تمناں کا اظہار کر رہے ہیں۔