لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی طلب میں اضافے کے پیش نظر چھوٹے برآمد کنندگان کو ایک چھت کے نیچے تیاری کے تمام شعبوں کی سہولت فراہم کیلئے کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے تحت اقدامات کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پر ویز حنیف نے اپنے دفتر میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قالینوں کی برآمدات انتہائی کم سطح پر آنے کی وجہ سے ہنر مند دوسر ے شعبوں کی جانب راغب ہو گئے تھے تاہم اب کورونا وباء کے باوجود پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے لیکن ہماری صنعت کو ہنر مندوں کی مطلوبہ تعداد میں کمی کا سامنا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے اراضی حاصل کی جائے اورہنر مندوں کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک ہی چھت کے نیچے واشنگ، فنشنگ سمیت تیاری کے تمام شعبوں کی سہولتیں اور بیورو سروس بھی فراہم کی جائے جس سے برآمد کنندگان کواپنے آرڈر کی تیار ی میں آسانی میسر آئے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نئے ہنر مندوں کی تربیت کے پروگرام کو بھی توسیع دے رہے ہیںاور قوی امیدہے کہ قالینوں کی صنعت کو دوبارہ عروج ملنے سے ہنر مندوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کا اعتماد بحال کر کے انہیں متحرک کرنے کیلئے بھی عملی کاوشیں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے بھی اپیل ہے کہ اس شعبے کی سرپرستی کرے تاکہ دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی یہ صنعت دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی ہو سکے ۔









