عبد الرزاق دائود

کارپٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی مشیر تجارت عبد الرزاق دائود سے ملاقات ،مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا

اسلام آباد/لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے تین رکنی وفد نے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود سے ملاقات کر کے ہاتھ سے قالین تیار کرنے والی انڈسٹری کو درپیش مجموعی مسائل اور اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد کی سربراہی میںسینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک اور عثمان اشرف پر مشتمل تین رکنی وفد نے مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کو طورخم بارڈر کے راستے افغانستان سے جزوی خام مال کی درآمد پر عائد ڈیوٹیز ،ٹیکسز اور دیگر مسائل سے متعلق تفصیلی آگاہی دی ۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ افغانستان سے جزوی خام مال کی ترسیل کرنے والے سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن نہ رکھنے والے سپلائرز کو مکمل ٹیکس چھوٹ دی جائے ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کاٹیج انڈسٹری ہے اور اسی وجہ سے اس سے جڑے ہوئے اکثریتی لوگ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہیں ہیں،بعض دستاویزات کی شرائط کی وجہ سے بے پناہ مشکلات ہیں ،ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی کی کا بوجھ پاکستانی مینو فیکچررز پر پڑے گا اورپیداواری لاگت بڑھنے سے پاکستان کی برآمدات بری طرح متاثر ہوں گی ۔

انہوںنے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی انڈسٹری کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کیلئے کاوشیں کرنے پر وزیر تجارت عبد الرزاق سے اظہار تشکر بھی کیا ۔ مشیر تجارت عبد الزاق دائود نے مسائل کے حل کیلئے کارپٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریو نیو سے پیر کے روز ملاقات کا اہتمام کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا رجحان ہے ، حکومت مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستانی برآمدات کو فروغ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینو فیکچررز اوربرآمدکنندگان مصنوعات کے معیار خصوصاًویلیو ایڈیشن پر بھرپور توجہ مرکوز کریں کیونکہ اس کے ذریعے ہی ہم عالمی منڈیوں میں دوسرے ممالک کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔