تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایران کا افغان دارالحکومت کابل میں سفارت خانہ اور مغربی شہر ہرات میں واقع قونصل خانہ دونوں فعال ہیں اورمعمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کابل میں ایرانی سفارت خانے اور ہرات میں قونصل خانے میں معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ہم افغانستان میں اپنے سفارت کاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے افغانستان میں حالیہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں بے گھرہونے والے افغان شہریوں پرتوجہ مرکوز کرنے کی ضرورت زوردیا ہے اورعالمی اداروں سے کہا کہ وہ اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انھوں نے ایک بار پھرایران کے اس مقف کا اعادہ کیا کہ افغان مسئلہ کو مذاکرات اورافہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران افغانستان میں جاری بحران کے حل کی غرض سے بین الافغان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے اور علاقائی اتفاق رائے کے حصول کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہے۔