ڈی جی خان(رپورٹنگ آن لائن)عیدالاضحی پر اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لئے جانے والے28 مسافر ٹریفک کے المناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے،
تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں تونسہ روڈ پر جھوک یارشاہ کے قریب مسافر کوچ اور ٹریلر میں خوفناک تصادم ہوا، دلخراش حادثے کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں،ڈویژنل ایمرجنسی افسرریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق بدقسمت مسافر بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی کہ جھوک یارشاہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرائی، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، حادثے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کیا،ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق حادثے کے باعث مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا اور بس میں پھنسے زخمی مسافروں کو گاڑی کے حصے کاٹ کر باہر نکالا اور طبی امداد کے لئے ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا،
ڈویژنل ایمرجنسی افسرریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے،وزیراعلی پنجاب نے ڈی جی خان ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیر اعلی کی ہدایت پرڈی جی خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کوہنگامی طورپر اسپتال بلالیا گیا ہے،وزیراعلی پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا ہے،
سردار عثمان بزدار نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کی،وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کمشنر ڈی جی خان نے ٹیچنگ اسپتال میں بس حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔