رپورٹنگ آن لائن۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ریجن بی لاہور میں جونیر کلرک کو انسپکٹر تعینات کرنے کے لئے قانون کو ہی ہاتھ میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے 11 اگست 2023 کو پراپرٹی ٹیکس زون 6 کے سرکل مسلم ٹاون سے انسپکٹر عاصم پرویز کو تبدیل کرکے اس کی جگہ علی عمران نامی گریڈ 11 کے جونئیر کلرک کو OPS بنیادوں پر گریڈ 16 کا انسپکٹر بنا کر تعینات کر دیا۔
اور گریڈ 16 کے ریگولر انسپکٹر عاصم پرویز کو پراپرٹی ٹیکس زون 5 کے سرکل ٹرائیکون میں تعینات کرنے کا حکم جاری کیا۔
ٹرانسفر آرڈرز کے خلاف انسپکٹر عاصم پرویز نے چیف سیکرٹری پنجاب کے روبرو اپیل فائل کر دی اور ساتھ ہی ڈائیریکٹر ریجن بی کے 11 اگست کے آرڈرز کے خلاف پنجاب سروس ٹربیونل سے رجوع کیا جہاں ٹربیونل نے 21 اگست کو عاصم پرویز کے حق میں حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اس کی درخواست نمٹا دی۔ اور قرار دیا کہ عاصم پرویز کو واپس سرکل مسلم ٹاون میں تعینات کیا جائے لیکن ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ڈی جی ایکسائز نے پنجاب سروس ٹربیونل کے حکم کی تعمیل نہیں کی۔جوکہ بادی النظر میں توہین عدالت بھی ہے۔
پنجاب سروس ٹربیونل نے اپنے حکم میں لاہور ہائی کورٹ کی تنویر سرور بنام صوبہ پنجاب رٹ نمبر 63900/21 میں ججمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے علی عمران کی بطور OPS تعیناتی کو بھی غیر قانونی قراردیا
ادھر ذرائع کایہ بھی کہنا یے کہ علی عمران کئی برسوں سے اسی پراپرٹی ٹیکس سرکل (مسلم ٹاون) میں بطور جونئیر کلرک فرائض انجام دے رہا یے اور اب اسے غیرقانونی طور اسی ہی سرکل میں بطور انسپکٹر بھی تعینات کیا گیا ہے۔








