عطا اللہ تارڑ

ڈی جی اینٹی کرپشن تحریک انصاف کا باقاعدہ رکن بن چکا ہے’ عطا اللہ تارڑ

لاہور( رپورتنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ایف آئی آر تب دی گئی جب میں ،رانا ثنااللہ خان اور عظمی بخاری ملتان میں موجود تھے،پی ڈی ایم کے30 نومبر کو ملتان میں منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں ملتان کا دورہ کیا اورہمارے دورے کے دوران تقریباً دوپہر 2 بجے ملک عبدالغفار ڈوگر پر اینٹی کرپشن کا پرچہ درج کیا گیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تیس سالہ پرانے راضی کے معاملے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ، عبدالغفار ڈوگر کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کر رہے تھے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس تحریک انصاف کا باقاعدہ رکن بن چکا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کا محکمہ پورے پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کے ممبران کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے۔گوہر نفیس نے اینٹی کرپشن کو تحریک انصاف کا سیاسی دفتر بنا دیا ہے ۔ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس باز نہ آیا تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے اور ان کے دفتر کا گھیرا ئوبھی کریں گے۔عبدالغفار ڈوگر بے گناہ ہیں انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔