حکومت

ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ جلد حل کرلیں گے، عمران خان

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کےمعاملہ پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں جلد معاملہ حل کرلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کابینہ نے متعدد ایجنڈہ آئٹمز کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کےلئے سپیشل رائٹس فورس کے قیام کی منظوری دید ی ہے جبکہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو کی منظوری دے دی،سی پیک کیٹیگری کے ویزہ میں اتھارٹی کو بطور اہم سٹیک ہولڈر شامل کرنے اور افغان شہریوں کی پاکستان آمد کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی منظوری دیدی گئی ،سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاورآ ف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹومیشن نظام متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کے فیصلوں کی توثیق موخر کر دی گئی ۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کو زرعی شعبوں میں اجارہ داری کے خاتمے اورپیداواربڑھانے کے لیے جدید طریقہ کارپربریفنگ دی گئی ۔کے ٹو ائیرویز کے ڈومیسٹک لائسنس کی تجدید اور سیال ائیر ویز لیمٹڈ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کی منظوری دیدی گئی ۔اجلاس میں مختلف وزارتوں، ڈویزنز میں خالی آسامیوں بارے اسٹیبلشمنٹ ڈویزن نے رپورٹ پیش کی کابینہ نے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔اجلاس میں مظاہروں کو ہینڈل کرنے کے لیے سپیشل رائٹس فورس کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، ذرائع کے مطابق سی پیک کیٹیگری کے ویزہ میں اتھارٹی کو بطور اہم سٹیک ہولڈر شامل کرنے اور افغان شہریوں کی پاکستان آمد کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی منظوری دی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے میرٹ کا نظام وفاقی ریگولیٹر کے ماتحت کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی گئی۔سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاورآ ف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹومیشن نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کے فیصلوں کی توثیق موخر کر دی ۔ذرائع کے مطابق اجلا س میں وزیر اعظم عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے نو ٹیفکیشن کے معاملے پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا ،وزیر اعظم نے واضح کیا کہ نوٹیفکیشن کے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے ،ہم سب ایک پیج پر ہیں جلد معاملہ حل کر لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کابینہ میں مطالبہ کیا گیا اسلام آباد کا ائیر پورٹ ڈاکٹر عبد القدیر خان کے نام سے منسوب کیا جائے۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کسی شہر یا سائنسی عمارت کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ایم کیو ایم نے انتخابی اصلاحات میں اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کر دیا ۔امین الحق کا کہناتھا ہم اتحادی ہیں انتخابی اصلاحات میں ہمیں اعتماد میں لیں۔اگر اعتماد میں نہیں لیں گے تو ساتھ دینا مشکل ہوگا، اس پر وزیر اعظم عمران خان نے امین الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپکا شکوہ جائز ہے ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیں گے جبکہ جی ڈی اے نے بھی انتخابی اصلاحات کے معاملے پر ایم کیو ایم کی حمایت کر دی۔