ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپو سینٹر

ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپو سینٹر میں جنرل ہسپتال کے50 سے زائد ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس تعینات

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) حکومت پنجاب کی جانب سے ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کو بر وقت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے قائم کردہ ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپو سینٹر میں لاہور جنرل ہسپتال کے 50سے زائد ڈاکٹر ز،نرسز اور پیرا میڈیکس نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ فیلڈ ہسپتال میں فرائض انجام دینے والوں میں ایل جی ایچ کے کنسلٹنٹ،میڈیکل آفیسر، نرسنگ سٹاف، لیب ٹیکنیشن ا ور پیرا میڈیکس شامل ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا لہذاشہریوں کو چاہیے کہ وہ صفائی ستھرائی اور احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہاکہ عوامی شعور اجاگر کیے بغیر ڈینگی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی اوراس ضمن میں سماجی تنظیموں اور میڈیا کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر میں وسیع پیمانے پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کے طبی معائنے کیلئے موجود انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام انتہائی قابل تحسین ہے جس سے شہریوں کو خاطرخواہ ریلیف میسر ہوگا اور وہ خود کو ڈینگی سے محفوظ کر سکیں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق ایل جی ایچ میں مریضوں کو طبی و تشخیصی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں اور وبا کے خاتمے تک انتظامیہ سمیت تمام ملازمین مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔پروفیسر الفرید ظفر نے اس فیلڈ ہسپتال کے اقدام کو سراہتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ڈینگی کی صورت میں نیم حکیموں سے بچیں اور فوری طورپر اپنے نزدیکی ہسپتال سے رابطہ کریں تاکہ انہیں اس بیماری سے جلد از جلد چھٹکارا مل سکے۔