لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کسی بھی طرح کی ڈیل کی بجائے طویل قید اور جیل کی صعوبتوں کو ترجیح دینے کی وجہ سے عوام کے دلوں میں عمران خان کی محبت اور احترام مزید بڑھ گیا ہے .
بشری بی بی نے بھی اس جدوجہد میں جس طرح ثابت قدمی سے ساتھ دیا وہ بھی قابل تحسین ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکمران یہ سوچ رہے تھے کہ عمران خان کو جیل میں رکھ کر انہیں توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن یہ ان کی بھول ثابت ہوئی ، اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ان کی اہلیہ پر بھی ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ، ان کی بہنوں کو بھی ہر طرح کی اذیت سے دوچار کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کی بنیاد ایک نظریے پر رکھی اور جو جماعتیں نظریے کی بنیاد پر قائم ہوتی ہیں انہیں جبر کے ہتھکنڈوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا ۔
ظالم، جابر حکمران یہ سوچ رہے تھے کہ جعلی مقدمات قائم کرنے ،بد ترین تشدد اور قید و بند کی صعوبتوں کے ذریعے شاید تحریک انصاف تتر بتر ہو جائے گی لیکن عمران خان کی لازوال جدوجہد سے تیار ہونے والی جماعتیں تمام تر مشکلات کے باوجود آج مزید مضبوط ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر عزم ہیں کہ ظلم اور جبر نے بالآخر ختم ہو جانا ہے اور ایک بار پھر پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی ۔