اوکاڑہ ( شیر محمد)اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جناب احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں فوڈ سیکیورٹی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں، گندم کی کاشت کے اہداف حکومت کی جانب سے مقرر کر دیے گئے ہیں اور ضلع بھر میں 3 لاکھ 20 ہزار ایکٹر پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے.
حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گھوڑی پال اور نمبرداری زمینوں کے 30 ہزار ایکڑ پر مشتمل رقبہ کے علاوہ سٹڈ فارمز کی زمین پر بھی گندم کاشت کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری زمینوں پر گندم کی کاشت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے باہمی تعاون سے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنے کے لیے متحرک کریں.
اس مقصد کے لیے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فارمر میٹنگز، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ گندم کی زیادہ پیداوار نہ صرف غذائی خود کفالت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ معاشی استحکام کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں نمبردار کنونشن منعقد کیے جائیں اور تمام گھوڑی پال مربع جات رکھنے والے زمینداروں اور نمبرداران کو زیادہ سے زیادہ گندم لگانے کے لیے اعتماد میں لیا جائے۔