اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں جو وطن کے دفاع اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں 41 دہشت گردوں کا ہلاک ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے دشمن اور دہشت گرد عناصر کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے فورسز کے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے امن، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن کے قیام کی کوششیں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔








