میونخ(رپورٹنگ آن لائن )یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ ماسکو اور کیف کے درمیان تنازع کو ختم کرنے کی کلید ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ وہ روس کے صدر پوتین سے ذاتی طور پر ملنے پر راضی نہیں ہوں گے۔ سوائے اس کے کہ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ منصوبے پر بات چیت کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یوکرین نیٹو میں شامل ہونے سے قاصر رہتا ہے تو اسے اپنی فوج کی تعداد کو دوگنا کرکے 1.5 ملین افراد تک پہنچانا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ امریکہ اس اتحاد میں کیف کی شمولیت کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے اتحاد میں یوکرین کی رکنیت کا کبھی تصور نہیں کیا تھا۔ وہ صرف اس کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
زیلنسکی نے یہ عندیہ بھی دیا کہ وہ اس حساس وقت میں سعودی عرب، امارات اور ترکیہ کا دورہ کریں گے کیونکہ ان کا ملک نئی امریکی پوزیشن کی روشنی میں غیر متوقع سفارتی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا ان دوروں کے دوران امریکی یا روسی حکام سے ملاقات کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔