ندیم خان

ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل کرکٹ میچوں کے انعقاد کیلئے پشاور ایک بہترین شہر ہے،ندیم خان

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پلیئرز ڈیویلپمنٹ و سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے گزشتہ روز ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے دورے کئے ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس اسفندیارخٹک ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سپورٹس نعمت اللہ مروت، ریجنل سپورٹس آفیسر مردان میر بشرخان ‘اے ڈی منیر عباس’حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمن آفیسر جعفر شاہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں ۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے کہاہے کہ ارباب نیازکرکٹ سٹیڈیم کے بننے سے پشاور اور خیبر پختونخوابلکہ ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا،ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل کرکٹ میچوں کے انعقاد کیلئے پشاور ایک بہترین شہر ہے جہاں پر کرکٹ شائقین زیادہ ہیں بلکہ ٹیلنٹ بھی کافی موجود ہے ہماری بھی کوشش ہے کہ شہر پشاور میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے ‘

انہوں نے بتایاکہ کلب سطح پر انڈر13اور 16کرکٹ پر نظریں مرکوزکر رکھی ہیں ان کا کہناتھاکہ پی سی بی اور خیبرپختونخواحکومت پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے کچھ میچ پشاور میں منعقد کرنے کے لئے کوشاں ہے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پر کافی کام ابھی باقی ہے جس کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹ ثقلین مشتاق کا کہناتھاکہ پشاور کا اربا ب نیازسٹیڈیم ایک تاریخی اہمیت کا حامل سٹیڈیم ہے ان کی اس گراؤنڈ سے بہت یادیں وابستہ ہیں انہوں نے پشاور میں ڈیبیو کیا تھا ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں بہترین سہولتیں کامیابی کا ثبوت ہیں اور یہاں انٹرنیشنل میچ باآسانی ہوسکیں گے اور یہاں کے عوام کے لئے یہ بڑا تحفہ ہوگابعد ازاں پی سی بی حکام نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی سہولتوں کا جائزہ لیا۔