لاہور 10جنوری(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے نے پتنگ کی ڈور سے زخمی لاہور جنرل ہسپتال میں زیر علاج نوجوان کی عیادت کی۔
سرجیکل تھری کے ڈاکٹرز کلیم اللہ اور ڈاکٹر احمد نعیم اختر نے زخمی صابر مسیح کی صحت کے متعلق پرنسپل کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ زخمی تیزی سے روبصحت ہو رہا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے لواحقین سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں زخمی کی ہسپتال آمد سے لے کر اب تک سینئر ڈاکٹرز معیاری علاج معالجہ کی سہولیات و نگہداشت کر رہے ہیں۔
پرنسپل جنرل ہسپتال نے بروقت کامیاب آپریشن کر کے نوجوان کی جان بچانے والے ڈاکٹرز اور نرسز کی پیشہ ورنہ مہارت اور قابلیت کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی زندگی بچانا ڈاکٹر زکی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ ایل جی ایچ کے ہیلتھ پروفیشنلز نے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر طبی امدا د فراہم کی جو قابل تعریف ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی مستقبل میں بھی ہیلتھ پروفیشنلز اسی جذبے و لگن کے ساتھ فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔جس سے نہ صرف سرکاری ہسپتالوں پر شہریوں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ ایل جی ایچ کی نیک نامی بھی ہوگی۔ ڈاکٹرز کے مطابق زخمی کو پیر تک ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
٭٭٭٭