لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور میں 12 برس بعد بحال ہونے والی ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ کے افتتاحی روز شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔
تین مختلف گراونڈز میں تین میچز کھیلے گئے جن میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔فیم فٹ بال کلب کی گراونڈ پر کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے میچ میں زیڈ کے ایف سی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن سلیم خان ایف سی کو یک طرفہ انداز میں 0ـ9 سے شکست دے دی۔ 7کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی سلیم خان ایف سی ایک بھی گول نہ کر سکی۔
ٹاون شپ یونائیٹڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں مراد ایف سی اور ریال لاہور کے درمیان مقابلہ مقررہ وقت تک دو،دو گول سے برابر رہا، تاہم پینلٹی شوٹ آؤٹ پر مراد ایف سی نے بازی مار لی۔تیسرے میچ میں آر اے بازار گراؤنڈ پر کینٹ یونائیٹڈ نے شاہدرہ یونائیٹڈ کو 1ـ3 سے ہرایا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ضیاء عارف ڈوگر نے کہا کہ چیمپئن شپ کے آغاز پر جس طرح نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور میں فٹ بال کا مستقبل روشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے اور کھیل کے معیار کو بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے