اوکاڑہ ( شیر محمد) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ و تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج 2025 کا انعقاد کیا گیا۔ اس چیلنج میں پنجاب کے تمام اضلاع کی کی ٹیموں نے شرکت کی۔
ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیم نے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ساہیوال ڈویژن فہیم احمد قریشی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیرِ قیادت چیلنج میں حصہ لیا۔ ٹیم نے زبردست جوش و جذبے، نظم و ضبط، تیز رفتاری اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی۔ مقابلوں میں ٹراما ریسکیو، ہائٹ اینڈ کارٹ ریسکیو، فائر فٹ، ویل ریسکیو اور واٹر سکوبا ریسکیو جیسے اہم ایونٹس شامل تھے۔
اوکاڑہ کی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ڈیپ ویل ریسکیو میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ ریسکیو چیلنج جیسے مقابلے ریسکیورز کے اعتماد، عملی کے اور ٹیم ورک کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ساہیوال ڈویژن فہیم احمد قریشی نے ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کو شاندار کارکردگی پر ٹرافی اور مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت و لگن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوکاڑہ ٹیم اسی جذبے اور پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ مستقبل میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔