کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ڈراما سیریل الجھن کی شوٹنگ کے دوران کاظم پاشا نے انہیں سب کے سامنے ڈانٹ دیا تھا۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں پر بات کی۔کیریئر کے ابتدائی دنوں کے تجربات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب وہ راولپنڈی سے نئی نئی کراچی آئی تھیں اور ڈراما سیریل الجھن کے لیے شوٹ کر رہی تھیں تو انہیں ایک سین کرتے ہوئے بڑی مشکل پیش آئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ قربان جیلانی کے ساتھ ایک سین شوٹ کر رہی تھیں، ہمارے درمیان باپ اور بیٹی کا رشتہ تھا.
سین میں انہیں اپنے باپ پر غصہ کرنا تھا کیونکہ انہوں نے ان کی کالج کی دوست سے شادی کرلی تھی، لیکن وہ اس سین میں غصے کا اظہار نہیں کرپارہی تھیں۔اداکارہ نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ اسی دوران اچانک پیچھے سے کاظم پاشا کی آواز آئی، وہ کہہ رہے تھے کہ اسی لیے نئی لڑکیوں کو ڈراموں کے لیے سائن نہیں کرتے کیونکہ نہ ان میں عقل ہوتی ہے، نہ تمیز اور انہیں اداکاری بھی نہیں آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ پی ٹی وی کے اسٹوڈیو میں لوگوں کے ایک بڑے مجمعے کے سامنے ہوا اور کاظم پاشا کی ڈانٹ سن کر ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔آخرکار انہوں نے سین مکمل کیا اور بعد میں کاظم پاشا نے اوپر بلا کر ڈانٹ سے پہلے اور بعد کے سین دکھائے اور کہا کہ انہیں ڈانٹا اس لیے گیا.
کیونکہ وہ اچھا سین چاہتے تھے اور اس کے بعد انہوں نے سب کے سامنے ان سے معافی بھی مانگی۔سعدیہ امام نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ کسی سین میں اداکار کو رونا یا غصہ کرنا ہوتا ہے، لیکن موڈ میں نہیں ہونے کی وجہ سے وہ ویسی اداکاری نہیں کرپا رہا ہوتا۔