کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل پری زاد میں ماہی کے کردار سے شہرت پانے والی اداکارہ علمہ جعفری نے انڈسٹری میں معاوضے کے مسائل پر لب کشائی کی ہے۔
پاکستان میں بروقت معاوضے کی ادائیگی کا مسئلہ ہمیشہ سے رہا ہے، اور اس پر کئی شوبز شخصیات پہلے بھی بات کر چکی ہیں۔ اب اس فہرست میں علمہ جعفری کا نام بھی شامل ہو گیا، جنہوں نے اس مسئلے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔اداکارہ علمہ جعفری گزشتہ چار سالوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور محبت کے بعد اور پری زاد جیسے مشہور ڈراموں میں کام کر چکی ہیں، جس نے انہیں ایک ورسٹائل اداکارہ کے طور پر متعارف کرایا۔
اس کے علاوہ ان کے دیگر پراجیکٹس میں مشک، تانا بانا، میرے سپنے سمیت متعدد ٹیلی ویژن کمرشلز شامل ہیں۔ علمہ جعفری نے کہا، میڈیا انڈسٹری میں آپ کو کبھی وقت پر پیسے نہیں ملتے، خاص طور پر ڈراموں میں معاوضہ تاخیر سے دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا، ٹی وی کمرشلز آسان ہوتے ہیں اور ان میں ادائیگی وقت پر ہو جاتی ہے، مگر وہاں اداکاروں کو زیادہ شناخت نہیں ملتی، جبکہ ڈرامے مشکل ہوتے ہیں لیکن ایک اداکار کو شہرت بھی یہی دلاتے ہیں۔ آج بھی لوگ مجھے پری زاد کی ماہی کے کردار سے پہچانتے ہیں۔