لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے گرمی کی شدت کی وجہ سے گیسٹرو، اسہال اور ہیٹ سٹروک کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ڈاکٹر محمد مقصود کو لاہور جنرل ہسپتال میں فوکل پرسن نامزد کر دیاہے تاکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات مہیا کر کے ان کی جان بچائی جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے احکامات کی روشنی میں ایل جی ایچ آنے والے مریضوں کی خصوصی نگہداشت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ پرنسپل الفرید ظفر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں کا دن میں 3مرتبہ راؤنڈ کر کے علاج معالجہ، ملازمین کی حاضری، ڈسپلن، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی امور کا جائزہ لیا کریں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپرٹینڈنٹ کو تاکید کی کہ وہ اپنے ماتحت ملازمین اور شعبوں کی کارکردگی پر نگاہ رکھیں، اچانک معائنہ کے دوران کسی شعبہ میں بدانتظامی پائی گئی تو متعلقہ اے ایم ایس /ڈی ایم ایس اور نرسنگ سپرٹینڈنٹ جوابدہ ہونگے۔