ڈاکٹر فیاض حسین

ڈاکٹر فیاض حسین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، ملازمین کی کثیر تعداد میں شرکت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) آرتھو پیڈک کنسلٹنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر فیاض حسین کے بیہمانہ قتل کے سوگ میں ڈاکٹرز نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مریضوں کا علاج معالجہ اور معمول کا کام جاری رکھا جبکہ مقتول کی غائبانہ نمازجنازہ بھی ہسپتال کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر،ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ آرتھوپیڈک پروفیسر میاں محمد حنیف، صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر عمار یوسف، ادارے کے فیکلٹی ممبران، نوجوان ڈاکٹرز، صوبائی صدر ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن رانا پرویز اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ڈاکٹرفیاض کا قتل ہم سب کے لئے باعث تشویش ہے،ڈاکٹرز معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن پورا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے تیار ہونے میں طویل عرصہ اور والدین کا کثیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے لہذا ڈاکٹر کا قتل کسی خاندان کا ذاتی نقصان نہیں بلکہ پورے معاشرے کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ملزمان کی جلد گرفتاری کے لئے وہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ قاتل قانون کی گرفت سے زیادہ دیر اوجھل نہیں رہ سکتے اورانہیں جلد شکنجے میں کسا جائے گا۔اس موقع پر پروفیسر آف آرتھو پیڈک ڈاکٹر میاں محمد حنیف نے کہا کہ ڈاکٹر فیاض حسین بلا شبہ ایک نوجوان کنسلٹنٹ، انتہائی محنتی، خوش اخلاق اور فرض شناس شخصیت کے مالک تھے،اُن کے قتل سے وارڈ میں بھی اُس کے زیر علاج مریض سوگوار، ساتھی غم سے نڈھال اور مرحوم کی بخشش کیلئے دعا گو ہیں۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے بھرپور قانونی اقدامات کریں تاکہ اہل خانہ کو فوری انصاف مل سکے اور ڈاکٹرز کمیونٹی میں پائی جانے والی تشویش ختم ہوسکے۔

صحافیوں سے گفتگو میں صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر عمار یوسف کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری تک ڈاکٹر برادری چین سے نہیں بیٹھے گی اورتفتیشی افسران معاملے کی سنجیدگی کو بھانپتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ مقتول ڈاکٹر فیاض حسین کے قاتلوں کا3یوم میں سراغ نہ ملا تو ڈاکٹر برادری احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ء بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭