لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی پالیسی اور ہیلتھ ویژن کے مطابق مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل اور توانائیاں برؤئے کار لائی جائیں گی اور موجودہ صورتحال میں ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کے علاج معالجے و نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ اس وبا پر موثر طور پر قابو پایا جا سکے اور شہری زیادہ سے زیادہ تعداد میں جلد سے جلد صحت یاب ہوں۔
نئے تعینات ہونے والے ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر سے بھی ملاقات کی اور مریضوں کو بہترین طبی و تشخیصی سہولیات کی فراہمی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر عامر غفور مفتی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی انتہائی محنت، پیشہ وارانہ لگن اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے انجام دیں گے۔پرنسپل نے کہا کہ ڈاکٹر عامرغفور مفتی اپنی ملازمت کے دوران مختلف انتظامی عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور توقع ہے کہ وہ جنرل ہسپتال کے انتظامی معاملات کو بھی احسن طریقے سے چلا کر ہسپتال میں مریض دوست ماحول کی فراہمی کو مزید فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے انتظامی ڈاکٹروں سے کہا کہ انہیں اپنے اپنے شعبوں میں نظم و ضبط کی پابندی کروانا ہوگی اوراوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگاتاکہ علاج معالجے کی غرض سے آنے والے شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کی حاضری کو بھی مانیٹر کیا جائے گا اور سزا و جزا کے اصول پر کار بند رہتے ہوئے ایل جی ایچ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے کاوشیں کی جائیں گی۔