کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی تقرری کیخلاف درخواست دوسرے بینچ کو مقرر کرنے کے لیے چیف جسٹس کو بھجوادی ہے ۔
سندھ ہائیکورٹ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل بیرسٹر حیدر وحید نے موقف دیا کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی تقرری خلاف ضابطہ ہے۔ وائس چانسلر کے لئے امیدوار کے تحقیقی مقالے شائع ہونا ضروری ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی 30 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہونے کا دعوی کرتے ہیں لیکن ان کے 18 مقالے شائع ہوئے ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کروا دیا۔ جسٹس ظفر راجپوت نے درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔
جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ ایچ ای سی کے وکیل میرے پارٹنر رہے ہیں۔ عدالت نے درخواست دوسرے بینچ کو مقرر کرنے کے لیے چیف جسٹس کو بھیج دی۔عدالت نے درخواست کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی تقرری کو پروفیسر مونس احمر نے چیلنج کیا تھا۔