لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت دھمکیاں دے رہا ہے .
خوارج حملہ آور ہیں ، ہر روز درجنوں افراد شہید ہو رہے ہیں ، قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت اور اس کے اتحادیوں کو کنالز منصوبے کو ختم کرنے اور دیگر سیاسی ایشوز کی پڑی ہے ،یہ سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ متحدہو کر بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا وقت ہے.
پوری دنیا میں پہلگام حملے کی سازش ناکام ہو چکی ہے اور ہندوستان کو جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 25دنوں سے ڈاکٹرز اپنے جائز مطالبات کے لئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں ، حکومت کی ایماء پر پولیس کا وحشانہ تشدد قابل مذمت ہے ۔چیئر مین گرینڈ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب سمیت آٹھ ہزار ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی تشویشناک ہے ۔
اس اقدام نے حکومت کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے حکومت ڈاکٹروں کے مطالبات فوری طور پر منظور کرے ۔ سرکاری ہسپتالوں کو پرائیوٹائزکرنا شعبہ صحت کو غریب عوام کی پہنچ سے باہر کرنے کے مترادف ہے ، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چچا اور بھتیجی کی حکومتوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔
لوگوں کو کسی قسم کا ریلیف میسر نہیں ، پڑھے لکھے لوگ ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ، روزگار کے نام پر ان کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے ، ایسے وقت میں جب بھارت حملے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے ہمیں اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ۔ قوم کو تقسیم کرنے والے دشمنوں کا کام آسان کر رہے ہیں۔