ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بھاری اداکارہ سونالی باندرے نے انکشاف کیاہے کہ ڈانس نہ آنے کی وجہ سے سروج خان نے مجھے مارنے کاارادہ کرلیاتھا، ہر ڈانس سیکوئنس میرے لئے بے حد دباؤ کا باعث بنتا تھا اور اس وجہ سے راتوں کو جاگتی رہتی تھی۔
ایک انٹرویو میں سونالی نے فلم انگلش بابو دیسی میم کے دوران اپنی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سروج خان مجھے مارنے کیلئے تیار تھیں کیونکہ میں ڈانس نہیں کر سکتی تھی اور مجھے ایک بار ڈانسر کا کردار نبھانا تھا، آپ تصور کر سکتے ہیں کہ وہ کس اذیت سے گزر رہی ہوں گی؟
میں مسلسل جدوجہد کر رہی تھی، ہر لمحہ جب میں شوٹنگ نہیں کر رہی ہوتی، میں ڈانس سیکھنے کی کوشش کر رہی ہوتی، اس وقت سروج جی کے اسسٹنٹ احمد خان مجھے ریہرسل ہال میں لے جا کر ڈانس سکھاتے تھے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ہر ڈانس سیکوئنس ان کیلئے بے حد دباؤ کا باعث بنتا تھا اور وہ اس کی وجہ سے راتوں کو جاگتی رہتی تھیں۔
انہوںنے کہاکہ یہ ایک دلچسپ ستم ظریفی ہے کہ میں نہ تو تربیت یافتہ رقاصہ ہوں، نہ ہی اداکارہ، میں نے کبھی تھیٹر نہیں کیا،گانوں کی شوٹنگ میرے لیے ایک ڈرانا خواب تھی، میں راتوں کو سو نہیں پاتی تھی، میں ہمیشہ گانوں سے خوفزدہ رہتی تھی، میری فلمیں چاہے کامیاب نہ ہوئیں، مگر میں کامیاب ہوئی کیونکہ جن گانوں میں میں شامل تھی، وہ ہٹ ہو گئے۔
سونالی نے اس بارے میں بھی بات کی کہ وہ کس طرح منی رتنم کی فلم بمبئی کے مشہور گانے ہما ہما کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس تھا کہ فلم میں میرا کوئی کردار نہیں تھا، بس ایک گانا تھا، کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ مجھے یہ نہیں کرنا چاہیے، کچھ کہہ رہے تھے کہ کرنا چاہیے، آج تک میں نہیں جانتی کہ مجھے یہ گانا کیسے ملا، مگر آخرکار میں نے اسے قبول کر لیا،میں یاد کرتی ہوں کہ میں اس میں پربھو دیوا کے بھائی کے ساتھ ڈانس کرنے والی تھی۔