'خادم حسین

ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا’خادم حسین

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بیرونی قرضوں میںاربوں روپے مزید اضافہ ہوگا جبکہ ڈالر مہنگا ہونے سے صنعتوں میں استعمال ہونے والا درآمدی خام مال مہنگا ہوگا جس سے صنعتی شعبہ پر مزید مالی بوجھ بڑھے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خادم حسین نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام کیلئے اقدامات کیے جائیں کیونکہ مضبو ط معاشی پالیسیوں سے ہی ملکی معیشت مستحکم ہوگی انہوںنے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کا سب سے زیادہ اثر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا جو بیشتر درآمد کی جاتی ہیں پٹرول ڈیزل مہنگا ہونے کے نتیجہ میں کرائے اور ٹرانسپورٹ کی لاگت میں اضافے کی شکل میں ظاہر ہوگا جس سے اشیاء کی ترسیل کی لاگت بڑھے گی اور نتیجہ عوام کو مہنگائی کی شکل میں بھگتنا پڑے گا اس لیے حکومت ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرے اور روپے کی قدر میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔