بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) سی ایم جی کے اسپرنگ فیسٹیول گالا 2026 کے حوالے سے ایک نیوز کانفرنس بیجنگ میں منعقد ہوئی ، جس میں پروگرام کی تخلیقی جہتوں، سائنسی و تکنیکی اطلاق کے نمایاں پہلوؤں، میزبانوں کے پینل اور اسٹیج ڈیزائن سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔
سی ایم جی نے واضح کیا کہ وہ ثقافت اور ٹیکنالوجی کے باہمی امتزاج پر مبنی جدت طرازی کو مسلسل فروغ دیتا رہے گا، تاکہ دنیا بھر میں چینی نژاد ناظرین اور غیر ملکی دوستوں کے لیے فکری گہرائی، فنی حسن اور اعلیٰ تخلیقات کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے مزین اسپرنگ فیسٹیول گالا کو ایک بھرپور “ثقافتی سالِ نو کی ضیافت” کی صورت میں پیش کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق، 16 فروری کی شب 8 بجے قمری نئے سال کے موقع پر سی ایم جی کا گھوڑے سے منسوب سال کا اسپرنگ فیسٹیول گالا ادارے کے متعدد ٹیلی وژن چینلز، ریڈیو فریکوئنسیوں اور نیو میڈیا پلیٹ فارمز پر بیک وقت براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
اسی طرح سی جی ٹی این کے تحت 85 زبانوں پر مشتمل عالمی نشریاتی نظام دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں موجود 3300 سے زیادہ میڈیا اداروں کے ساتھ اس گالا کی براہِ راست نشریات اور میڈیا کوریج کرے گا۔









