بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی طرف سے جنگ بندی کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بات چیت اور مشاورت پیچیدہ تنازعات کو حل کرنے کا ایک حقیقی اور موثر طریقہ ہے اور چین، آسیان اور عالمی برادری نے بھی اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔ چین کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان مزید جامع اور مخصوص رابطے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے اور سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای 28 سے 29 دسمبر تک کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پراک سوکھون اور تھائی وزیر خارجہ سیہاساک پھوانگ کیت کاؤ سے صوبہ یوننان میں ملاقات کریں گے۔ تینوں ممالک کی فوج کے نمائندے بھی اس ملاقات شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین جنگ بندی کو مستحکم کرنے، تبادلوں کی بحالی، سیاسی باہمی اعتماد کی بحالی، تعلقات میں تبدیلی کے حصول اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے میں اپنے انداز سے تعمیری کردار ادا کرے گا۔









