بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کی چین پر اضافی 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کی چینی حکومت سخت مخالفت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ ٹیرف کے اقدامات کو مزید سخت کرتا ہے، تو چینی حکومت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سخت جوابی اقدامات اختیار کرے گی ۔
منگل کے روز ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے چین پر عائد کردہ ” ریسیپروکل ٹیرف” کا کوئی جواز نہیں اور یہ یکطرفہ دھونس کی ایک واضح مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے اختیار کیے گئے جوابی اقدامات اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ ، نیز بین الاقوامی تجارت کے معمول کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں، جو کہ بالکل جائز ہیں۔ چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے چین پر ٹیرف میں اضافے کی دھمکی غلطی پر ایک اور غلطی ہے اور یہ امریکی غندہ گردی کے رویے کو ایک بار پھر بے نقاب کرتی ہے جسے چین ہرگز قبول نہیں کرے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ اپنی ضد پر اڑا رہا تو چین اس کا مقابلہ کرے گا۔
بیان کے مطابق چین اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہے اور نہ ہی تحفظ پسندی کا کوئی مستقبل ہے ۔ چین سے معاملات طے کرنے کے لئے دباؤ اور دھمکیاں درست طریقہ کار نہیں ۔ چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے غلط طرز عمل کو فوری طور پر درست کرے، چین کے خلاف تمام یکطرفہ ٹیرف اقدامات کو منسوخ کرے، چین پر اقتصادی اور تجارتی دباؤ کو روکے اور چین کے ساتھ باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر بات چیت کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرے۔