چینی صدر

چین کا افریقہ کو کووڈـ 19  ویکسین کی مزید 1 ارب خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان

بیجنگ (ر پورٹنگ آن لائن)چین نے افریقہ کو کووڈـ 19  ویکسین کی مزید 1 ارب خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔چینی صدر شی جن پھنگ نے  بیجنگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے چینـ افریقہ تعاون فورم کے آٹھویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔شی جن پھنگ نے چین افریقہ تعاون فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال چین اور افریقہ تعلقات کے قیام کی 65 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے،ان 65 سالوں میں چین اور افریقہ کے درمیان مضبوط بھائی چارے پر مبنی دوستی  قائم ہوئی ہے ، نمایاں خصوصیات کا حامل تعاون جاری ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی شاندار داستان رقم کی گئی ہے جو کہ نئے بین الاقوامی تعلقات کے قیام کے لیے ایک مثال ہے۔

شی جن پھنگ نے نشاندہی کی ہے کہ رواں سال اقوام متحدہ میں چین کی قانونی نشست کی   بحالی  کے 50  برس بھی مکمل ہوئے ہیں۔ چین کے لیے افریقی ممالک کی دوستی اور جذبات  ناقابل فراموش ہیں۔چین افریقہ کے ساتھ  نسل در نسل دوستی جاری رکھے گا اور اسے مزید تابناک بنائے گا۔شی جن پھنگ نے نئے عہد میں چین افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کے لیے چار نکاتی تجاویز پیش کیں: اول، اتحاد سے وبا کا مقابلہ کیا  جائے ،افریقہ میں  ویکسین  کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔دوم،حقیقت پسندانہ تعاون کو فروغ دیا جائے،تجارت اور سرمایہ کاری کے پیمانے کو وسعت دی   جائے، غربت کے خاتمے سے متعلق تجربات کا اشتراک کیا  جائے  اور ڈیجیٹل معیشت کے تعاون کو مضبوط بنایا جائے۔

سوم،سبز ترقی کو فروغ دیا جائے،کم کاربن پر مبنی  تصور کو بروئے کار لاتے ہوئے قابل تجدید توانائی کو مثبت طور پر فروغ دیا جائے،پائیدار ترقیاتی صلاحیت کو مسلسل مضبوط بنایا جائے۔چہارم،انصاف و مساوات کا تحفظ کیا جائے،ترقی پذیر ممالک کے جائز موقف کا احترام کیا جائے اور مشترکہ تقاضوں اور مفادات کو مل کر عملی شکل دی جائے۔شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین ، افریقی ممالک کے ساتھ مل کر قریبی تعاون کرے گا۔صحت عامہ،غربت کے خاتمے، کسانوں کی امداد ،تجارت  و سرمایہ کاری کے فروغ ،ڈیجیٹل اختراع،سبز ترقی،استعداد کار میں اضافے،ثقافتی تبادلے اور امن و سلامتی سمیت نو منصوبوں پر مشترکہ طور پر عمل کیا جائے گا۔

شی جن پھنگ نے اعلان کیا کہ اگلے سال  تک افریقہ کی 60 فیصد ا?بادی کی ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرنے کے لیے  چین افریقہ کو کووڈـ 19  ویکسین کی مزید ایک ارب خوراکیں فراہم کرے گا، جن میں سے ٠٦ کروڑ خوراکیں عطیہ کی جائیں گی اور ٠٤ کروڑ خوراکیں چینی کاروباری اداروں اور متعلقہ افریقی ممالک کے اشتراک سے تیار کرنے سمیت دیگر طریقوں سے فراہم کی جائیں گی۔ چین ، افریقی ممالک کے لیے دس طبی امدادی پروگرام تشکیل دے گا اور  پندرہ سو طبی ماہرین افریقہ بھیجے گا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ، افریقہ کو غربت کے خاتمے اور زرعی ترقی کے دس منصوبوں پر عمل درآمد  کے لیے مدد فراہم کرے گا، افریقہ میں پانچ سو زرعی ماہرین بھیجے گا ،چین میں چینـافریقہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلہ و تربیت مراکز قائم کرے گا،

افریقہ میں زرعی ترقی اور غربت کے خاتمے سے متعلق  آزمائشی دیہات کی تعمیر کے لیے چینی اداروں اور صنعتی اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔شی جن پھنگ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین اور افریقہ کی مشترکہ کوششوں کی بدولت موجودہ فورم ضرور کامیاب ہوگا۔چین اور افریقہ کے دو ارب ستر کروڑ عوام مل کر  اعلیٰ معیار کے حامل چین افریقہ ہم نصیب سماج کی تعمیر کو آگے بڑھائیں گے۔