پابندیاں عائد

چین کا اسلحہ کے امریکی ٹھیکدار پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین نے قومی مفاد کے تحفظ کے لئے ضروری اقدام کے طور پر تائیوان کو اسلحہ فروخت کے تازہ ترین منصوبے میں شریک امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس بات کا اعلان وزارت خارجہ کے ترجمان نے کیا۔

امریکی محکمہ دفاع کی دفاعی سلامتی تعاون ایجنسی کے جاری کردہ حالیہ مبینہ بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تائیوان کو 62 کروڑ امریکی ڈالر کی مجموعی مالیت کے پیٹریاٹ ایڈوانسڈ صلاحیت- 3 (پی اے سی- 3) میزائلوں کے ری سرٹیفیکیشن پیکیج کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ترجمان ژا لی جیان نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایک چین کے اصول اور چین – امریکہ کے درمیان موجود تین مشترکہ اعلامیوں کی مکمل پاسداری کرے اور چین امریکہ کے تعلقات کو مزید خراب ہونے سے بچانے اور آبنائے تائیوان کے پار امن اور استحکام کے لئے تائیوان کو اسلحہ کی فروخت بند اور تائیوان کے ساتھ فوجی تعلقات منقطع کرے۔