بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس نے ایک وائٹ پیپر جاری کیا جس کا عنوان ہے “نئے دور میں چین کا ہتھیاروں کا کنٹرول ، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ”۔
جمعرات کے روز وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے یہ وائٹ پیپر جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ نئے دور میں ہتھیاروں کا کنٹرول ، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق چین کی پالیسیوں اور طریقوں کی جامع وضاحت کی جائے ، آؤٹر اسپیس، سائبر اسپیس اور مصنوعی ذہانت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنی بین الاقوامی سیکورٹی گورننس کی تجاویز متعارف کروائی جائیں ، عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لئے چین کے عزم کا مظاہرہ کیا جائے اور عالمی برادری سے بین الاقوامی تحفیف اسلحہ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی جائے۔
وائٹ پیپر میں نشاندہی کی گئی ہے کہ چین اقوام متحدہ کے ساتھ بین الاقوامی تحفیف اسلحہ کے نظام کی مضبوط حمایت کرتا ہے،اور تحفیف اسلحہ کے شعبے میں عالمی نظم و نسق کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ چین پائیدار امن و سلامتی کی حامل دنیا کے قیام کی حمایت کرتا ہے ، اور بین الاقوامی ہٹھیاروں کے کنٹرول کے نظام کو آگے بڑھانے میں ایک اہم قوت ہے۔
وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کے طور پر، چین بین الاقوامی تحفیف اسلحہ کے نظام کےاختیارات اور تاثیر کو فعال طور پر برقرار رکھتا ہے، جوہری، حیاتیاتی اور کیمیائی شعبوں میں ہتھیاروں کے کنٹرول کے کثیر جہتی عمل میں تعمیری طور پر حصہ لیتا ہے، بین الاقوامی تحفیف اسلحہ کے معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کرتا ہے ، اور اس مقصد کے لیے اپنا تعاون پیش کرتا ہے۔
وائٹ پیپر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ چین اپنی عدم پھیلاؤ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنا رہا ہے، بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کے عمل میں فعال طور پر حصہ لے رہا ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہا ہے اور عالمی عدم پھیلاؤ کے نظم و نسق کی بہتری کے لیے زور دے رہا ہے۔ چین کی جدیدیت پرامن ترقی کی راہ پر گامزن جدیدیت ہے اور چین کی ترقی عالمی امن کی ترقی میں معاون ہے۔









