بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شیوئی شیانگ نے بیجنگ میں دورے پر آئے ہوئے ناروے کے وزیر ایسپن بارتھ ایڈی سے ملاقات کی۔
بدھ کے روز چینی میڈیا کے مطابق ڈنگ شیوئی شیانگ نے کہا کہ چین اور ناروے کے عوام کے درمیان روایتی دوستی پائی جاتی ہےاور دو طرفہ تعلقات میں مستحکم اور صحت مند ترقی برقرار ہے۔ فریقین کو سیاسی باہمی اعتماد کو گہرا کرتے ہوئےتجارت، سرمایہ کاری، سبز تبدیلی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے سمیت دیگر شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچائے جائیں۔
ایڈی نے کہا کہ ناروے ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے اور چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔ اسی روز سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اورچینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی ایڈی کے ساتھ بات چیت کی۔ وانگ ای نے کہا کہ چین ناروے کو یورپ میں اپنا اہم اور مستحکم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ امید ہے کہ ناروے چین کے حوالے سے اپنی مثبت، مستحکم، عملی اور عقلی پالیسی کو جاری رکھے گا اور چین ناروے تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچائےگا۔
ایڈی نے کہا کہ ناروے چینی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مکمل طور پر کھلا ہے اور اس نے صفر ٹیرف کی پالیسی اپنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو ناروے کے تصور کے ساتھ انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔ ناروے اقوام متحدہ کے منشور کی روح کو برقرار رکھنے اور قواعد پر مبنی کثیر الجہتی تجارتی نظام کی حمایت کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔